سٹاک مارکیٹ

اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کا تیز ترین بک بلڈنگ، صرف 5 سیکنڈز میں اربوں کا لین دین مکمل

کراچی(کامرس رپورٹر)سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ (ایس ایل ایم)کا ابتدائی عوامی شیئرز کا اجرا(آئی پی او) پیر کے روز کھلتے ہی محض 5 سیکنڈز میں مکمل طور پر سبسکرائب ہو گیا، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کے تیز ترین بک بلڈنگ لین دین میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے آئی پی او کی قیمت 14.25 روپے سے 19.95 روپے فی شیئر کے درمیان مقرر کی گئی ہے، جبکہ بک بلڈنگ کا عمل 18 اور 19 مئی 2026 کو شیڈول ہے۔ اس آئی پی او کے تحت کمپنی کی مالیت تقریبا 55 کروڑ ڈالر لگائی گئی ہے اور انتظامیہ کا ہدف ہے کہ آئندہ دو برس میں اسے ایک ارب ڈالر کی کمپنی بنایا جائے۔رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ میں برآمدات سے منسلک مینوفیکچرنگ اور صنعتی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی دوبارہ بڑھ رہی ہے۔

توسیعی منصوبے کے تحت کمپنی مسافر گاڑیوں کے ٹائروں کی تیاری کے لیے ایک نیا پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کی کمرشل پیداوار جنوری 2028 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ ابتدائی طور پر اس پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت 20 لاکھ ٹائرز ہوگی، جسے 2029 تک 25 لاکھ اور 2030 تک 30 لاکھ ٹائرز تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اس آئی پی او کو پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب برآمدات پر مبنی صنعتیں سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں