اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پولیس اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کے دوران گدھے کے گوشت کی ایک بڑی مقدار برآمد کی، جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران 25 من یعنی تقریباً 1000 کلوگرام گوشت قبضے میں لیا گیا جبکہ فارم ہاؤس سے 45 زندہ گدھے بھی برآمد ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق فارم پر کوئی قانونی اجازت نامہ یا گوشت کی ترسیل کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ جائے وقوعہ پر ایک چینی نژاد شخص موجود پایا گیا جس نے فارم کے مالک کا نام "جانگ لیانگ” بتایا، جو اس وقت چین میں مقیم ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص ناخواندہ ہے، انگریزی زبان نہیں جانتا اور 23 جون کو نوے روزہ ویزے پر پاکستان آیا تھا۔ گرفتار شخص کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
تاحال اس بات کا تعین نہیں ہو سکا کہ یہ گوشت مقامی طور پر سپلائی کیا جانا تھا یا بیرونِ ملک بھیجا جانا تھا۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس نے گہری چھان بین کا عندیہ دیا ہے۔








