لاہور(نمائندہ خصوصی) قاف لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر بھرپوراعتماد کا اظہار کر دیا ،،، اراکین نے اتفاق کیا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی صورت میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کو ووٹ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر ساجد بھٹی کی زیر صدارت مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ دل و جان سے ہیں اور ساتھ دیتے رہیں گے۔
پارلیمانی پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو دیتے ہوئے اتفاق رائے کیا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی صورت میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کو ووٹ دیں گے۔ ارکان پارلیمانی کمیٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی متحد اور یکجان ہے۔ سیسہ پلائی دیوار کی طرح وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اختلافات کا پراپیگنڈہ کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ قاف متحد ہے اور متحد رہے گی۔ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔









