اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ویڈیو کیس میں جج احتساب عدالت ارشد ملک کو معطل کرکے لاہور ہائیکورٹ بھیج دیا۔ہائیکورٹ نے متعلقہ عدالت سے جج ارشد ملک کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کر دی، عدالت عالیہ کے مطابق بادی النظر میں جج ارشد ملک مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جج ارشد ملک کے بیان حلفی میں انکشافات بادی النظر میں مس کنڈکٹ ہے جس کی تحقیقات ضروری ہے، اس لئے انہیں معطل کیا جاتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جج ارشد ملک پرانے محکمے لاہور ہائی کورٹ میں رپورٹ کریں تا کہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جا سکے