آذربائیجان کے شہر خانکندی میں ہونے والے 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-ترک تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کو نہ صرف اقتصادی و سیکیورٹی شراکت داری کو وسعت دینی چاہیے بلکہ علاقائی استحکام اور ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس مقصد کے لیے دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی وفود کے باہمی تبادلے پر اتفاق کیا تاکہ طے شدہ نکات کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور دیرپا ترقی کے لیے ترکیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔









