پاکستانی ملبوسات

چینی باشندے پاکستانی ملبوسات کے شوقین نکلے ، تین ماہ میں مردوں کے ملبوسات کی برآمد میں29فیصد اضافہ

لاہور(کامرس ڈیسک)رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں چین کو پاکستان سے مردوں کے ملبوسات کی برآمد میں 29 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

یہ بات بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کمرشل قونصلر غلام قادر نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ2023 کے پہلے تین مہینوں میں پاکستان سے چین کو پاکستانی مردوں کے ملبوسات کی برآمدات تقریباً 6 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ 2022 کے اسی عرصے کے دوران 4.27 ملین ڈالر کے مقابلے میں 29 فیصد اضافے کوظاہر کرتی ہیں۔

مردوں یا لڑکوں کی کاٹن کی پتلون کی برآمد 3.47ملین ڈالر رہی جو جنوری تا مارچ 2022میں1.67ملین ڈالر تھی ۔انہوںنے بتایا کہ پاکستان اس ماہ ٹیکسٹائل کی سب سے بڑی نمائش کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس میں 70 سے زیادہ فیبرک انٹرپرائزز نے پہلے ہی اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور توقع ہے کہ 100 سے زیادہ چینی ٹیکسٹائل انٹرپرائزز بھی اس تقریب میں حصہ لیں گے۔

یہ نمائش 26 سے 28 مئی تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی ہے۔چین کو پاکستان سے مردوں کے کپڑوں کی برآمد 2022میں28.66ملین تھی جبکہ 2021میں اس کا حجم 21.62ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسابقتی قیمتوں کی وجہ سے چینی کاروباروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو پاکستان سے ملبوسات حاصل کر رہے ہیں اور انہیں ایک اہم اقتصادی شراکت دار کے طور پر قائم کیا ہے۔ برآمدات میں اضافے کی وجہ چینی صارفین کی اسٹائلش اور فیشن ایبل پاکستانی ملبوسات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں