اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کا دن قومی سانحہ تھا، اس دن جو ہوا ، سوچی سمجھی سازش کے ذریعے ہوا۔
عمران خان سازش کا ماسٹر مائنڈ ہے‘پی ٹی آئی قیادت نے مسلح جتھوں کے ذریعے قومی تنصیبات پر حملہ کیا‘ ازلی دشمن سے بھی وہ نہیں ہوا جو عمران خان نے کر دکھایا ‘ ریڈیو پاکستان کو جلاکر اس کی ساری تاریخ تباہ کر دی‘شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کو جلا یا گیا‘ پولیس اور رینجرز کو ڈنڈے مارے گئے‘ویڈیو ز میں اہداف دکھائے ‘کارکنان نے قومی پرچم کو بھی نذرآتش کیا، حملہ آوروں کے منہ پر تحریک انصاف کے پرچم اور ماسک تھے‘زمان پارک میں پوری منصوبہ بندی کی گئی‘یہ کسی بھی طرح احتجاج نہیں تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب کا نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے مسلح جتھوں کے ذریعے قومی تنصیبات پر حملہ کیا۔ ازلی دشمن سے بھی وہ نہیں ہوا جو عمران خان نے کر دکھایا۔ ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، اس کی ساری تاریخ تباہ کر دی۔شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کو جلا دیا گیا۔
پولیس اور رینجرز کو ڈنڈے مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ ویڈیو ز میں اہداف دکھائے گئے ،کارکنان نے قومی پرچم کو بھی نذرآتش کیا، حملہ آوروں کے منہ پر تحریک انصاف کے پرچم اور ماسک تھے۔ طلوع پاکستان کا اعلان کرنیوالے ادارے کو جلایا گیا۔ ایمبولینسز سے مریضوں کو نکال کر جلایا گیا، تمام پر تشدد واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ یہ کسی بھی طرح احتجاج نہیں تھا۔ زمان پارک میں پوری منصوبہ بندی کی گئی۔









