حافظ نعیم الرحمان

7 اگست کو بڑے شہروں میں شاہراہیں بند کردی جائیں گی،حافظ نعیم الرحمان

کراچی(نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ریلیوں کا آغاز کیا جارہاہے اور 7 اگست کو بڑے شہروں میں شاہراہیں بند کردی جائیں گی۔

کراچی میں خواتین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شاہراہ قائدین پر خواتین کی تاریخی شرکت 25 کروڑ پاکستانی عوام کی نمائندگی ہے اور اس مارچ نے ثابت کر دیا ہے کہ “فارم 47 کی سیاست کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین ہر عوامی تحریک کا ہراول دستہ ہیں اور فرسودہ نظام میں عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں مل سکتے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنی ناکامی کا اعتراف کر چکے ہیں، جبکہ بجلی کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں اور آئی پی پیز مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی ایک “بھتہ ٹیکس بن چکی ہے اور نئے ٹیکسوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ تین کروڑ سے زائد موٹرسائیکل سواروں پر بھی بھاری لیوی عائد کر دی گئی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ 7 اگست کو کراچی سے چترال تک اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی، احتجاج کے دوران ایمبولینسوں کو راستہ دیا جائے گا اور اسی روز آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی تحریک کو تیز کریں اور سڑکوں پر بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے، پٹرول کی قیمتیں کم کرے اور آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں