بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی 38 سالہ شادی طلاق کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ سنیتا نے باندرہ فیملی کورٹ میں ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں اداکار پر بے وفائی اور غیر ازدواجی تعلقات کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے کئی مرتبہ گووندا کو طلب کیا لیکن وہ نہ سماعتوں میں شریک ہوئے اور نہ ہی کاؤنسلنگ سیشنز میں۔ اس کے برعکس سنیتا آہوجا باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتی رہیں۔
حال ہی میں سنیتا نے اپنے یوٹیوب چینل پر جذباتی انداز میں کہا کہ میں نے ہمیشہ خوشحال زندگی کی دعا کی تھی، لیکن میرا رشتہ دھیرے دھیرے ٹوٹ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی میرا گھر توڑنے کی کوشش کرے گا، دیوی کی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔
اداکار کی مبینہ طور پر ایک نوجوان مراٹھی اداکارہ سے قربتوں کو بھی طلاق کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم گووندا نے اب تک کسی بھی الزام پر کوئی بیان نہیں دیا۔
شوبز مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مقدمہ منطقی انجام تک پہنچ گیا تو یہ بالی ووڈ کی ایک اور مثالی شادی کا خاتمہ ہوگا۔









