لاہور(کرائم رپورٹر )لاہورمیں2 غیر ملکی خواتین سے زیادتی اور اغوا کے کیس میں رضا ڈار سمیت 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی ۔کینٹ کچہری لاہور میں 2 غیر ملکی خواتین سے زیادتی اور اغوا کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت رضا ڈار سمیت 4 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کردیا گیا۔
سماعت کے دوران استغاثہ نے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے ڈی این اے اور فنگر پرنٹ ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کو جرم میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ، نقدی اور اسلحے کو بھی برآمد کرنا ہے۔پولیس نے ملزمان کو چہروں پر ماسک لگا کر عدالت پیش کیا، عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کردی۔عدالت نے ملزمان کو 13 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔