راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 12اگست ریڈ لائن ہے، کسی کو نہیں معلوم اس کے بعد کیا ہوگا،
اداروں اورعوام کو آمنے سامنے لانے کی سازش میں 13جماعتوں کے ماضی کے بیانات کو سامنے رکھیں، ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ چلو، چلو دبئی چلو کی چارٹرڈ فلائٹ چل رہی ہیں، دبئی میں ہی نگران حکومت، الیکشن کی تاریخ، نوازشریف کے آنے نہ آنے اور الیکشن کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ ہوگا،
یہ پاکستان کے آئین و قانون نہ ہی عدلیہ اور بینچ کو مانتے ہیں، یہ عوامی بینچ سے ڈرتے ہیں، ساری آئینی ترامیم غیرآئینی ہیں کیونکہ اس کیلئے دوتہائی اکثریت چاہیے،انہوں نے کہا کہ جو پیدائشی نااہل ہوں ان کی نااہلی تاحیات کے بجائےپانچ سال ہونے سے فرق نہیں پڑتا، سیاسی فیصلے لندن اوردبئی میں کرتے ہیں کیونکہ ان کی دولت، جائیدادیں، اولادیں دبئی اورلندن میں ہیں، وہاں اپنےآپ کومحفوظ سمجھتے ہیں،
پاکستان میں سیاسی فیصلے کرتے ہوئے ریکارڈنگ کے خوف سے اوراداروں کی نظریں رکھنے سے ڈرتے ہیں،شیخ رشید نے لکھا کہ 14ماہ میں خود بھی ذلیل ہوئے اور عوام میں بھی رسوا ہوئے، حکومت نے آئی ایم ایف کے ایک ارب ڈالر کیلئے 26کروڑ لوگوں کی زندگیوں کو معاشی جہنم میں پھینک دیا ہے، سارے بجٹ کی مہنگائی کا ملبہ غریب کے کندھوں پر ڈال دیا ہے، حالات اتنے گھمبیر، سنگین اور خراب ہو چکے ہیں کہ اب نواز شریف پاکستان آکر اپنا شوق پورا کر لیں۔









