صدر پیوٹن

یوکرین جنگ کے روسی اہداف منصفانہ ہیں، صدر پیوٹن

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ میں روس کے اہداف کو منصفانہ قرار دے دیا۔ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر ہونے والی یوم فتح پریڈ سے خطاب میں روسی صدر نے کہا کہ یوکرین میں روسی فوج ایک جارحانہ قوت کے خلاف لڑ رہی ہے، جسے پورے نیٹو اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے یوکرین جنگ میں روسی اہداف کو منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی فوجی آج بھی اسی جذبے کے ساتھ لڑ رہے ہیں جس طرح دوسری جنگ عظیم میں سوویت افواج نے نازی جرمنی کے خلاف جنگ لڑی تھی۔سالانہ پریڈ اس بار محدود پیمانے پر منعقد کی گئی جبکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پہلی بار تقریباً 2 دہائیوں میں فوجی ہتھیاروں کی نمائش نہیں کی گئی۔

تقریب میں شمالی کوریا کے فوجی دستے بھی شریک ہوئے جبکہ چند قریبی اتحادی ممالک کے رہنمائوں نے شرکت کی۔روس اور یوکرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل پر تقریب کے دوران 3 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔دوسری طرف کریملن نے خبردار کیا تھا کہ اگر کیف نے تقریبات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں