لاہور ( تعلیم ڈیسک) یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایف اینڈ پی سی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ یونیورسٹی خزانچی کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کی سفارشات پیش کی گئیں۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ مہنگائی کے باعث والدین پر مالی بوجھ نہ ڈالنے کے لیے طالبات کی فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں ریسرچ گرانٹ 14 لاکھ روپے سے بڑھا کر 70لاکھ روپے جبکہ لائبریری کی کتب و جرائد کی مد میں بجٹ 3لاکھ روپے سے بڑھا کر 50لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کے منظور کردہ 30فیصد اور 35فیصد ایڈہاک الائونس کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کی منظوری دی گئی ہے .
جس کے بعد یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ اجلاس میں وزیٹنگ اساتذہ کی تقرریوں کے لیے پراسیسنگ فیس3ہزار روپے سے کم کر کے 500 روپے کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کا بجٹ تعلیمی و تحقیقی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے، بجٹ سمیت فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لیے سنڈیکیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔









