لاہور( ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی میں اہم اجلاس منعقدہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،سپیشل سیکرٹری سیدواجدعلی شاہ،اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی جانب سے ڈاکٹرنور،سی اواوپنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی شمشادخان، وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے محمد عاشر اورسی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات اور مزید ہسپتالوں کو ام پینل کرنے کے حوالہ سے اقدامات کاجائزہ لیا۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی ودیگرافسران نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس تحریک انصاف کی حکومت کالینڈمارک منصوبہ ہے۔عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے3کروڑ11لاکھ سے زائدخاندانوں کو بلاتفریق یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی گئی۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کی عوام کی سہولت کی خاطرصحت سہولت کارڈکیلئے مزیدسرکاری ونجی ہسپتالوں کو ام پینل کیاجارہاہے۔صوبہ بھر کی عوام صحت سہولت کارڈکے ذریعے علاج ومعالجہ کی مفت سہولت حاصل کررہے ہیں۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ناقدین نے صحت سہولت کارڈبندکروانے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ پاک کے کرم سے صحت سہولت کارڈجاری ہیں۔
صحت سہولت کارڈکے مخالف عناصرکوسوچناچاہئے کہ عوام کی بھلائی کا کام کبھی ختم نہیں ہوتا۔صحت سہولت کارڈکے اعدادوشمارحیران کن ہیں۔اعدادوشمارکے مطابق ابھی تک پنجاب میں 30لاکھ65ہزار سے زائدافراد نے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج ومعالجہ کی سہولت حاصل کرلی ہے۔ابھی تک پنجاب کی عوام67ارب 57کروڑ روپے سے زائد کے مفت علاج و معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کی عوام کے علاج ومعالجہ کیلئے منتخب سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 70ہزارسے زائدبستروں میں اضافہ کیاگیا۔پنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 795سرکاری ونجی ہسپتالوں کومنتخب کیاگیاہے۔پنجاب کی عوام صحت سہولت کارڈکے ذریعے191سرکاری و604نجی ہسپتالوں سے علاج و معالجہ کی مفت سہولت حاصل کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ابھی تک 6لاکھ92ہزارسے زائدافرادنے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت ڈائیلسزکروائے ہیں۔پنجاب میں ابھی تک 69ہزار7سو سے زائدافراد نے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت کورونری انجیوگرافی کی سہولت حاصل کی ہے۔پنجاب میں صحت سہولت کارڈکے ذریعے 77ہزار300سے زائد خواتین نے نارمل ڈلیوری جبکہ3لاکھ3ہزار سے زائد خواتین نے سیزیرین آپریشن کی مفت سہولت حاصل کی ہے۔پنجاب میں 44ہزار900سے زائد افرادنے صحت سہولت کارڈکے ذریعے ہرنیہ کے مفت آپریشن کروائے ہیں اور47ہزار900سے زائدافرادنے ابھی تک صحت سہولت کارڈکے ذریعے کیموتھراپی کی مفت سہولت حاصل کی ہے اور پنجاب میں اب تک36ہزار سے زائدافراد صحت سہولت کارڈکے ذریعے انجیوپلاسٹی کی مفت سہولت حاصل کرچکے ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ 2لاکھ36ہزار 7سوسے زائد افراد آنکھوں کے مفت آپریشن کرواچکے ہیں اور پنجاب میں اب تک 1لاکھ10ہزارسے زائد دل کے مریضوں نے مفت آپریشن کروائے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں اب تک کینسرکے 83ہزارسے زائد مریض مفت علاج ومعالجہ کی سہولت حاصل کرنے کے علاوہ اب تک گردوں کے7لاکھ سے زائدمریض مفت علاج ومعالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مزیدکہاکہ صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کی عوام کو زیادہ سے زیادہ علاج و معالجہ کی مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔صحت سہولت کارڈکے ذریعے کینسرکے مریضوں کو سائبرنائف علاج کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔









