یمنی حوثیوں

یمنی حوثیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے اورسعودی ڈرون تباہ کرنے کا دعوی

صنعا(انٹرنیشنل نیوز ) یمن کے حوثی گروپ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر این سی سی غزال پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حوثیوں کے فوجی ترجمان یحیی سریع کے مطابق ٹینکر نے سعودی عرب کے خلاف اعلان کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی اور دی گئی وارننگز کو نظر انداز کیا۔ترجمان نے دعوی کیا کہ حملے کے بعد آئل ٹینکر کو اپنا راستہ تبدیل کرکے واپس لوٹنا پڑا، حوثی گروپ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی پر عمل درآمد جاری رکھے گا جو محاصرے اور کشیدگی بڑھانے کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں حوثی گروہ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کا ایک جاسوس ڈرون یمن کے شمالی صوبے صعدہ کی فضائی حدود میں مار گرایا ہے۔حوثی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ کرائیل طرز کے اس ڈرون کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ صعدہ گورنریٹ کی فضائی حدود میں مبینہ طور پر دشمنانہ سرگرمیوں میں مصروف تھا۔یحیی سریع کے مطابق حوثی فضائی دفاعی یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو کامیابی سے تباہ کیا۔ تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ڈرون کو کس ہتھیار یا دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا گیا۔

حوثی ترجمان نے کہا کہ ان کا گروہ یمن کی خودمختاری اور فضائی حدود کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا اور کسی بھی مبینہ خلاف ورزی کا جواب دینا اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔تجزیہ کاروں کے مطابق یمن میں جاری تنازع اور سرحدی علاقوں میں ڈرون سرگرمیوں کے باعث خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ ایسے واقعات سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان سکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں