راولپنڈی:
ہولی فیملی اسپتال میں 11 سالہ بچی کی ہلاکت نے اسپتال کے انتظامی و طبی عملے کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ڈھوک چوہدریاں کی رہائشی کائنات کو پیٹ درد کے باعث تین روز قبل اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے اپینڈکس کا آپریشن کیا گیا، تاہم آپریشن کے بعد بھی بچی کی حالت بہتر نہ ہو سکی اور وہ جان کی بازی ہار گئی۔
لواحقین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت نے بچی کی زندگی چھین لی اور اسی باعث انہوں نے ڈیڈ باڈی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ واقعے کے بعد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اعجاز بٹ نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے، جو ذمہ داروں کے تعین کے لیے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔









