کراچی (شوبز ڈیسک)معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے اب عالمی سطح پر نیٹ فلکس کی سیریز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں انہیں بڑی تعداد میں ناظرین مل رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں اداکار نے کہا کہ آج کے دور میں پاکستانی ڈراموں کا مقابلہ براہِ راست نیٹ فلکس کی سیریز سے ہو رہا ہے، پاکستانی ڈرامہ جو ناظرین کے لیے مفت نشر کیا جاتا ہے، اس کا موازنہ نیٹ فلکس کی مہنگی پروڈکشنز سے کیا جا رہا ہے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے کی ایک قسط کے یوٹیوب ویوز بعض اوقات نیٹ فلکس کی پوری ہٹ سیریز کے مجموعی ویوز سے بھی زیادہ ہو جاتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ڈراموں کو دنیا بھر میں پسند کیا جا رہا ہے۔فیصل قریشی نے ایک واقعہ بھی سناتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ میں سنیما میں فلم دیکھ رہا تھا تو برابر بیٹھا ایک شخص اپنے موبائل فون پر پاکستانی ڈرامہ دیکھ رہا تھا، میرے ایک دوست نے بھی ایسا ہی واقعہ سنایا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ پاکستانی ڈرامے بڑی تعداد میں موبائل فون پر دیکھ رہے ہیں۔
فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی عالمی مقبولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک کا ڈرامہ اور فنکار بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔