لاہور (تعلیم ڈیسک) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ایف اے اور ایف ایس سی کے داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔
فرقان شاہ نے اپنے وکیل رانا سکندر کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی جس میں موقف اپنایا گیا کہ ایچ ای سی نے انٹری ٹیسٹ کی کوئی اجازت نہیں دی لیکن یہ ٹیسٹ لیا گیا ، انٹری ٹیسٹ کی مدد میں خطیر رقم طالب علموں سے وصول کی گئی،
انٹری ٹیسٹ میں وہ طالب علم بھی کامیاب نہ ہو سکے جنہوں نے میٹرک کے امتحانات میں ایک ہزار سے زیادہ نمبر لیے، عالمی سطح پر بھی داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے بجائے میٹرک کے نتائج پر انحصار کیا جاتا ہے، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے انٹری ٹیسٹ لیااس وقت سندھ میں میٹرک کے امتحانات ہو رہے تھے بیشتر طلبہ شرکت نہیں کرسکے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ہونے والے انٹری ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیا جائے اور انٹری ٹیسٹ کی مد میں وصول ہونے والی رقم کا آڈٹ کروایا جائے۔