کراچی(کورٹ نیوز ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے سانحہ گلا پلازہ کیس میں تنویر پاستا اور اور دیگر کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔جج ساتھ اسلم شیخ نے 11 سالہ ملزم حذیفہ کی 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، بقیہ ملزمان فی کس 5 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کروائیں گے۔
دوران سماعت، عدالت نے استفسار کیا کہ بچے حذیفہ کی درخواست یہاں کیوں دائر کی ہے؟ وکیل ملزمان نے بتایا کہ چالان ایک ہی کیس کا اسی لئے یہاں دائر کی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اس میں بچے کا کیا کردار ہے؟۔وکیل ملزمان نے بتایا کہ 72 لوگوں کی جانیں چلی گئیں اور آدھے صفحے میں کیس نمٹا دیا ہے، پولیس کی جانب سے کسی سول ادارے پر کوئی ذمہ داری نہیں ڈالی گئی ہے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پولیس نے انکو رعایت دیتے ہوئے گرفتار نہیں کیا ہے، چارج شیٹ دو دفعہ مسترد ہوئی ہے اور وہی اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ چالان جمع کروایا ہے، کم عمر بچے کی یہ کورٹ نہیں ہے، کم عمر بچے کی الگ عدالت ہے۔
سیشن عدالت نے استفسار کیا کہ باقی ملزمان کا اس کیس میں کیا کردار ہے؟ وکیل ملزمان نے بتایا کہ تنویر پاستا پر بجلی بند کروانے کا الزام ہے، آج کل ہر کسی کی ہاتھ میں موبائل، ٹارچ ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ نعمت اللہ کون ہے؟ وکیل نے بتایا کہ بچے حذیفہ کا والد ہے، انہوں نے لوگوں کی جانیں بچائی ہیں اور ایک عہدیدار بھی شہید ہوا ہے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 322 کی سیکشن لگائی گئی ہے، دیت کی رقم تو بہت زیادہ بنتی ہے۔ ملزمان کے وکیل نے کہا کہ متاثرین کو ملزم بنایا جا رہا ہے اور جو انتظامیہ ہے اس کو بچایا جا رہا ہے۔کیس میں نامزد دیگر ملزمان میں نائب صدر گل پلازہ عمار اسماعیل، جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان، محمد امین، نعمت اللہ شامل ہیں۔