پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل میں حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرلی۔
یہ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن آصف محسود نے پیش کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں شخصیات کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے اور انہیں اخبارات و میڈیا تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ طرزِ عمل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
قرارداد کے دوران اپوزیشن اراکین نے سخت مخالفت کی تاہم عددی برتری کے باعث حکومت نے اسے منظور کروا لیا۔ اسمبلی میں بعض اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قیدیوں کو سیاسی وابستگی سے قطع نظر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا آئینی اور انسانی ذمہ داری ہے۔









