اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی استدعا منظور کر لی ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ نے دونوں کی اپیلیں دو ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے، اور کہا ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں کو بھی انہی اپیلوں کے ساتھ سنا جائے گا۔
عدالت میں عمران خان کی نمائندگی وکلا ظہیر عباس اور عثمان گل نے کی جبکہ بشریٰ بی بی کی طرف سے علی بخاری ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی 14 سال اور ان کی اہلیہ 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور دونوں نے جلد سماعت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔