سعودی عرب کے کھیلوں کے حلقے اس وقت سخت حرکت میں آ چکے ہیں، کیونکہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو النصر کلب چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سعودی فٹبال حکام رونالڈو کو ملک میں برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، جن میں سب سے اہم پیشکش الہلال کلب میں شمولیت کی ہے۔ یہ پیشکش نہ صرف مالی لحاظ سے دلکش ہے بلکہ رونالڈو کو فیفا کلب ورلڈکپ میں کھیلنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ فیفا کلب ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 1 سے 10 جون تک ایک خصوصی ٹرانسفر ونڈو کھل رہی ہے، جس کے ذریعے عالمی سطح کے کھلاڑیوں کو سائن کیا جا سکتا ہے۔
فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کے حالیہ بیان کے بعد قیاس آرائیاں تیز ہو گئیں کہ رونالڈو کسی نئے کلب کا رخ کرنے والے ہیں۔ ان خبروں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کے اختتام پر ایک مبہم پوسٹ کرتے ہوئے لکھا:
"یہ باب ختم ہوا، مگر کہانی ابھی باقی ہے۔”
مداحوں نے اس پیغام کو النصر چھوڑنے کا اشارہ قرار دیا اور سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے جنوری 2023 میں النصر کے ساتھ 164 ملین پاؤنڈ سالانہ معاہدہ کیا تھا، اور اب تک 105 میچز میں 93 گول کر چکے ہیں۔ ان کی بڑی کامیابی 2023 میں عرب کلب چیمپئنز کپ جیتنا رہی، تاہم سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل ان کے ہاتھ نہ آ سکا۔
2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد سعودی کلب کا رخ کرنے والے رونالڈو اب ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔