وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی کازوے کے زیرتعمیر پل سے منسلک سڑکوں، انڈرپاس اور راؤنڈ اباؤنٹ کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورنگی کازوے پل کی تعمیر سے متعلق اجلاس میں شاہراہ بھٹو کی مختلف ڈائریکشنز میں کنیکٹوٹی پر بھی فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورنگی کازوے پل کی تعمیر کا منصوبہ 9.3 ارب روپے کی لاگت سے جاری ہے، جس میں پل اور اس کے لوپس کی تعمیر شامل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کورنگی انٹرسیکشن پر 3000 کی گنجائش والا ایک نیا انٹرچینج بن رہا ہے، جبکہ کورنگی کازوے کی طرف ایک انڈرپاس بھی بنایا جائے گا جو ای بی ایم اور کورنگی کی طرف جائے گا۔ روڈ کی تعمیر میں راؤنڈ اباؤنٹ بھی بنایا جائے گا تاکہ مختلف ڈائریکشنز سے ٹریفک کا بہاؤ ممکن ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دے دی اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے میں اس کی منظوری دے کر کام شروع کریں۔