بالی ووڈ اسٹارز کی بیرون ملک لائیو پرفارمنسز نہ صرف شہرت کا ذریعہ ہیں بلکہ بڑی کمائی کا سبب بھی بن چکی ہیں۔ آسٹریلوی ایونٹ آرگنائزرز نے انکشاف کیا ہے کہ لائیو کنسرٹس کے لیے شاہ رخ خان، سلمان خان سے کہیں زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
ان کے مطابق شاہ رخ خان کی مقبولیت خاص طور پر خواتین میں بہت زیادہ ہے اور ان کے شوز میں خواتین کی شرکت نمایاں ہوتی ہے۔ اسٹیج پر ان کے مخصوص انداز میں دونوں ہاتھ پھیلانے والا لمحہ حاضرین کو دیوانہ بنا دیتا ہے۔
آرگنائزرز نے یہ بھی بتایا کہ کرینہ کپور آسٹریلیا میں سب سے زیادہ مقبول بھارتی اداکارہ ہیں، اور ان کے ساتھ ساتھ ایشوریا رائے بھی کافی پسند کی جاتی ہیں۔
تاہم، حالیہ پہلگام حملے کے بعد کئی بھارتی فنکاروں نے بیرون ملک اپنے طے شدہ کنسرٹس منسوخ کر دیے ہیں۔ ان میں سلمان خان بھی شامل ہیں، جو 4 اور 5 مئی کو برطانیہ میں ہونے والے "دی بگ بالی ووڈ ون” شو میں پرفارم کرنے والے تھے۔ ان کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ، ورون دھون، ٹائیگر شروف، کریتی سانون اور دیشا پٹانی بھی اس کنسرٹ کا حصہ تھے۔