لاہور( نیوز رپورٹر)صوبائی و یر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کل تک جو کہتا تھا چھوڑوں گا نہیں آج وہ سب کے پائوں پکڑ رہا ہے۔
مریم نواز اڈیالہ جیل کے قیدی اور اس کے چمچوں کے اعصاب پر سوار ہیں، مریم نواز کو آپ کے مہاتما کی خواہش پر 2018 کے الیکشن سے قبل نااہل کروایا پھر باپ کے سامنے گرفتار کروایا،مریم نواز آج تاریخ کے بھاری مینڈیٹ سے وزیراعلی بن کر پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں۔
اسد قیصر کے بیان پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ لیڈر جیل میں بیٹھا انتشار پھیلانے کی پلاننگ کرتا جبکہ چیلے باہر مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں، فتنے اور فتنہ پارٹی کی مکاریاں اور عیاریاں قوم بخوبی سمجھ چکے ہیں، کل تک جو سب کو کہتا تھا چھوڑوں گا نہیں آج وہ سب کے پائوں پکڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس کی فطرت میں ڈنگ مارنا ہو اس سانپ کو دودھ پلانے کی ضرورت نہیں، جس نے اپنے ہر محسن سے غداری کی اس سے مزید ہمدردی کی توقع مت رکھیں، جب سے اس کا منہ بند ہے ملک کا ہر شعبہ ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ اس کی بہن اور بیوی اس کے جیل میں رہنے کے سب سے بڑے بینفشری ہیں، اس کی پارٹی کے لوگ خود نہیں چاہتے یہ جیل سے باہر آئے۔