کراچی(نمائندہ خصوصی)امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ اس وقت شہر میں پانی کا بہت بڑا بحران ہے،
قبضہ میئر نے نیو کراچی کے مکینوں کے پانی کے کنکشن کاٹ دیئے ہیں۔ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بہت بڑے علاقے کا ناجائز طریقے سے کنکشن کاٹا گیا، جبکہ حکومت ناجائز طریقے سے ٹینکر مافیا کو پانی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج(پیر) شہر کے 10 مقامات پر پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، 4 اگست کو واٹر بورڈ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیں گے۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ عوام کو پانی دیا جائے اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو بند کیا جائے، بجلی کے بل میں 7 روپے فی یونٹ سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس طبقے پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے، زراعت پر ٹیکس نہیں لگاتے، اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زراعت پر بالکل ٹیکس نہیں لگے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سال میں صرف 4 ارب روپے ان بڑے بڑے جاگیرداروں سے جمع ہوئے ہیں، 4 فیصد جاگیرداروں کے پاس 60 فیصد اراضی ہے جن پر ٹیکس نہیں لگتا۔