کمپیٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل نے کراچی میں دودھ کی قیمتوں پر مصنوعی اضافہ کرنے والے ڈیری فارمرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے گٹھ جوڑ ختم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن اور کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے سربراہان شاکر عمر گجر اور حاجی سکندر نگوری نے دودھ کی قیمتوں میں باہمی مشاورت سے اضافہ کیا، جس سے صارفین کو نقصان پہنچا۔
اگرچہ ٹربیونل نے دونوں پر عائد جرمانے (ایک ملین اور پانچ لاکھ روپے) کو کم کر کے ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ روپے کر دیا ہے، مگر مستقبل میں کسی بھی قسم کی ملی بھگت سے باز رہنے کی تحریری یقین دہانی لینا لازم قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کمپیٹیشن کمیشن نے کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں اچانک اضافے کی تحقیقات کیں، جن سے پتہ چلا کہ ایسوسی ایشنز کے عہدیدار قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے باہمی معاہدے کرتے رہے۔