پوجا ہیگڑے

کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ اداکارہ بن جائوں گی، اداکارہ پوجا ہیگڑے

ممبئی (شوبز ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ پوجا ہیگڑے نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کبھی خواب میں بھی سوچا تھا کہ وہ فلم انڈسٹری کا حصہ بن جائیں گی۔فلم ہے جوانی تو عشق ہونا ہے کے ٹریلر لانچ کی تقریب کے دوران پوجا ہیگڑے نے فلم انڈسٹری میں اپنے سفر کے بارے میں ایک دلچسپ بات شیئر کی جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ڈیوڈ دھون کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ کامیڈی رومانوی ڈراما فلم پوجا ہیگڑے کی اس تجربہ کار فلمساز کے ساتھ پہلی فلم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران مصنف رومی جعفری نے اداکارہ کو ان کے اسکول کے دنوں سے جاننے کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے پوجا کے ڈیبیو سے بہت پہلے ہی فلموں میں ان کے مستقبل کی پیشگوئی کر دی تھی۔رومی جعفری نے تقریب کے دوران کہا کہ میں انہیں اس وقت سے جانتا ہوں جب وہ آٹھویں جماعت میں تھیں، میں نے ان کے والدین سے کہا تھا کہ یہ ایک دن ہیروئن بنے گی، یہ ان کی تقدیر میں لکھا تھا۔اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے پوجا ہیگڑے نے غیر فلمی پس منظر سے تعلق رکھنے اور ایک ایسے خاندان میں پرورش پانے کے بارے میں کھل کر بات کی جہاں تفریحی کیریئر کے بجائے تعلیم کو ترجیح دی جاتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں ایک اداکارہ بنوں گی، میرا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جہاں پڑھائی لکھائی پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے اور میرے خاندان میں کسی نے فلموں کے آس پاس بھی کام نہیں کیا۔جب میں فلم دیکھنے جاتی تھی تو اسے صرف ایک فلم کے طور پر دیکھتی تھی۔ میں نے کبھی اسے ایک ایسے کام کے طور پر نہیں سوچا تھا جو ممکن ہو۔ مجھے یاد ہے کہ رومی سر نے مجھے فلموں میں قسمت آزمانے کا کہا تھا لیکن میں اس بارے میں زیادہ پراعتماد نہیں تھی۔
٭٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں