معروف اداکارہ صبا قمر کو شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، انہیں شدید سینے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد شوٹنگ فوری طور پر روک دی گئی۔ اسپتال پہنچنے پر ان کی حالت نازک تھی اور ڈاکٹرز نے انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں منتقل کر دیا، جہاں ایمرجنسی میں انجیوگرافی کی گئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق، صبا قمر شدید ذہنی دباؤ اور مسلسل کام کے باعث شدید تھکن اور کمزوری کا شکار تھیں۔ اگر بروقت طبی امداد نہ دی جاتی تو معاملہ جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔ خوش قسمتی سے فوری علاج سے ان کی حالت سنبھل گئی اور کچھ روز کے بعد انہیں اسپتال کے وی آئی پی روم میں منتقل کر دیا گیا۔
اب انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، تاہم ڈاکٹرز نے مکمل آرام اور کئی ہفتوں کے لیے ہر قسم کی محنت طلب سرگرمی سے دور رہنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداح اور شوبز شخصیات ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔