لاہور – 17 اپریل 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ دور گیا جب ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں، اب پاکستان میں ترقی، مہنگائی میں کمی، اور اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ کی بات ہو رہی ہے۔
پنجاب کلچر ڈے کی تقریبات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجابی ثقافت پر ہمیں فخر ہے، اور زبان کے ساتھ جڑی روایات کو نسل در نسل منتقل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جلاوطنی کے دوران وطن کی مٹی اور ثقافت کی شدت سے کمی محسوس ہوئی، اور آج جب عوام محبت سے بیٹی اور بہن کہہ کر بلاتے ہیں، تو وہ لمحے میرے لیے قابلِ فخر ہیں۔
مریم نواز نے عوامی ریلیف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی لائی گئی ہے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ ہر شخص کو دو وقت کی روٹی میسر ہو۔
انہوں نے کہا کہ فنکار ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے لیے کچھ منفرد اقدامات کرنا چاہتی ہیں جو ماضی میں کسی نے نہ کیے ہوں۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب خوشحال رہے اور نوجوان نسل اردو کے ساتھ پنجابی زبان کو بھی فخر سے اپنائے۔