ہالی ووڈ کے مشہور اداکار، کامیڈین اور فلم ‘دی ڈکٹیٹر’ میں اپنے منفرد کردار سے شہرت پانے والے ساشا بیرن کوہن نے حالیہ دنوں میں اپنی باڈی ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔
ساشا، جو اب مارول سنیما یونیورس کا حصہ بن چکے ہیں، سیریز "آئرن ہارٹ” میں ولن "میفسٹو” کے روپ میں نظر آئے۔ سیزن فائنل میں ان کی پرفارمنس اور فزیکل اپیئرنس دونوں نے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
برطانیہ کے ایک معروف میگزین کے سرورق پر ان کی نئی تصویری جھلک نے مداحوں کو حیران کر دیا، جہاں وہ غیر معمولی طور پر فٹ اور بدلے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تاہم ساشا نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبدیلی صرف AI کا کمال نہیں بلکہ ان کی حقیقی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض ہیں، اور ڈاکٹروں نے انہیں اوزیمپک (Ozempic) تجویز کیا تھا، جو نہ صرف خون میں شوگر کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ وزن کم کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔
ساشا نے مزید بتایا کہ انہوں نے صرف دوا پر انحصار نہیں کیا بلکہ ایک پرسنل ٹرینر اور پرائیویٹ شیف کی مدد بھی لی، جنہوں نے ان کی غذا اور فٹنس روٹین کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔
اب جب وہ مارول سیریز میں بطور ولن جلوہ گر ہوئے ہیں، تو ان کا نیا روپ دیکھ کر مداح بھی حیران ہیں کہ "ڈکٹیٹر” کا اداکار اب "میفسٹو” میں ڈھل چکا ہے!









