اسلام آباد(ہیلتھ نیوز )ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے انٹرنیشنل فارماسیوٹیکل ریگولیٹرز پروگرام میں ریگولیٹری اتھارٹی کی رکنیت حاصل کر لی۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے فارماسیوٹیکل شعبے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہم قدم قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈریپ کو انٹرنیشنل ریگولیٹری اتھارٹی کی رکنیت دینے کا اعلان برازیل میں آئی پی آر پی مینجمنٹ کمیٹی کے 70 ویں اجلاس میں کیا گیا، حکام نے بتایا کہ عالمی رکنیت ملنے سے ڈریپ بین الاقوامی گروپوں میں فعال کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ اب مریضوں کو اعتماد حاصل ہوگا کہ مقامی فارمیسی سے خریدی گئی دوا محفوظ ، اصولی اور موثر ہے، یہ پیشرفت پاکستان کے لئے رواں سال کے دوران بین الاقوامی کامیابیوں کی "ہیٹ ٹرک” ہے۔
سی ای او ڈریپ عبیداللہ کا کہنا ہے کہ آئی پی آر پی کی رکنیت کا حصول ڈریپ کی ریگولیٹری ترقی کا اعتراف ہے، جینیرک ادویات عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونے کے باعث پاکستانیوں کو مہنگی برانڈڈ ادویات کے کم قیمت مگر اعلی معیار کے متبادل جلد دستیاب ہوں گے۔