کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ حنا الطاف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں حالیہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر ہراسانی جیسے ناخوشگوار تجربے کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے خاموش رہنے کے بجائے فوری کارروائی کی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ شوٹنگ سیٹ پر موجود ایک شخص کے رویے نے انہیں شدید غیر محفوظ اور غیر آرام دہ محسوس کروایا۔ حنا کے مطابق جیسے ہی اس شخص نے ان سے بات کی، وہ فوراً صورتحال کی سنگینی کو سمجھ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف فوری طور پر خود کو اس ماحول سے الگ کیا بلکہ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ پروڈکشن ہاﺅس کو بھی رپورٹ کر دیا۔حنا الطاف کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جہاں صارفین ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے خواتین کے لیے محفوظ کام کے ماحول کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔