کراچی (تعلیم ڈیسک)ڈائویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایم بی بی ایس سمیت تمام طلبا کو ڈیڑھ کروڑ (15ملین روپے)سالانہ کے بلاسود قرضِ حسنہ کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔
یہ سہولت یونیورسٹی اور فلاحی ادارے احسان ٹرسٹ کے درمیان مفاہمت کے سمجھوتے کی تجدید کے بعد حاصل ہوئی ہے جس پر گذشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹیریٹ میں دستخط کیے گئے،۔ ڈائویونیورسٹی کی جانب سے رجسٹراراشعر آفاق اور احسان ٹرسٹ کی جانب سے جنرل مینیجر فیاض الرحمن خان نے دستخط کئے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس سید حامد حسین شاہ، ہیڈ آف فنانشیل ایڈ محمد علی ، اسسٹنٹ رجسٹرار اظہربھٹو،ثمینہ اکسیر بھی موجود تھیں۔ معاہدے کی تجدید غیر معینہ مدت تک کی گئی ہے جس میں ہر سال ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم طلبا کو ” نیڈ کم میرٹ” کی بنیاد پر دی جائے گی جبکہ قرض دہندگان کی معلومات امانت کے طور پر محفوظ رکھی جائیں گی ۔
معاہدہِ مفاہمت پر دستخط کے بعد رجسٹرار ڈا یونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق اور جنرل مینیجر فیاض الرحمن خان نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے رجسٹرار ڈائویونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ یہ ڈائو یونیورسٹی کے لئے طلبا کے لئے اچھی سہولت ہے اور ضرورت مند طلبا اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ جنرل مینیجر احسان ٹرسٹ فیاض الرحمن خان نے کہا کہ ہم طلبا کو با وقار انداز میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔









