اسلام آباد:
چین نے پہلگام واقعے پر پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو پوری طرح سمجھتا ہے اور خودمختاری و سلامتی کے تحفظ میں پاکستان کے ساتھ ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے واقعے کی غیر جانبدار اور بروقت تحقیقات کی حمایت کا اعادہ کیا، اور پاکستان و بھارت دونوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 26 سیاح جاں بحق ہوئے تھے، جس کا الزام بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر عائد کیا۔
جواب میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت معطل کر دی، فضائی حدود بند کی، اور بھارتی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا۔
پاکستان نے عالمی سطح پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مؤثر سفارتی مہم بھی چلائی۔