بیجنگ: چینی حکومت نے امریکا کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے ایک نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انہیں امریکا جانے سے پہلے خطرات کا جائزہ لینے اور احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
چینی وزارت ثقافت و سیاحت نے یہ سفری انتباہ امریکا کے ساتھ کشیدہ تجارتی تعلقات اور اندرونی سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر جاری کیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ چینی وزارت تعلیم نے امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو بھی خبردار کیا ہے۔ وزارت نے خاص طور پر امریکی ریاست اوہائیو کی اسمبلی میں زیر غور ایک بل کا ذکر کیا ہے جس میں چین کے خلاف منفی دفعات شامل ہیں، جس سے تعلیمی تبادلوں اور تعاون پر پابندیاں لگ سکتی ہیں۔
یہ سفری ہدایات ایسے وقت میں جاری کی گئی ہیں جب چین نے امریکا سے آنے والی تمام درآمدات پر ٹیرف بڑھا کر 84 فیصد کر دیا ہے۔ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 104 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے جواب میں سامنے آیا ہے۔
چینی وزارت تجارت نے مزید 6 امریکی کمپنیوں کو ’غیر معتبر اداروں‘ کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، جس سے ان کمپنیوں کا چین میں کاروبار کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔