بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین روس بحری مشترکہ مشق 2025 میں شریک چین اور روس کے بحری دستے فوجی بندرگاہ سے روس کی بندرگاہ ولادی ووستوک کے قریب سمندری علاقے کی جانب روانہ ہوئے، اس کے ساتھ ہی مشترکہ مشق کے بحری مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اس سے قبل، چین اور روس کے مشترکہ کمانڈ ہیڈکوارٹر نے مشق کے منصوبے اور خاکے کے مطابق نقشے پر جنگی مشق کا خاکہ تیار کیا۔ تنظیمی ڈھانچے، فوجی دستوں کے درمیان ہم آہنگی جیسے اہم مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی ، مشق کے خاکوں اور حفاظتی منصوبوں کو بہتر بنایا گیا، نیز زیر آب حملہ و دفاع، آبدوزوں سے بچاؤ اور عملے کی بازیابی جیسے موضوعات پر پیشہ ورانہ تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشق کے منصوبے کے مطابق، چین روس بحری جنگی جہازوں کے دستے تین روزہ بحری مشقیں انجام دیں گے۔ ان مشقوں میں آبدوزوں سے بچاؤ، مشترکہ آبدوز مخالف کارروائیاں، فضائی دفاع اور اینٹی میزائل، سمندری جنگی کارروائیاں سمیت متعدد اہم مشقیں شامل ہوں گی.
نیز حقیقی ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ پہلے مرحلے میں مشترکہ منصوبہ بندی کے دوران تیار کردہ خاکوں کی عملی آزمائش کی جا سکے۔