جنیوا (نیوز ڈیسک) پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایازصادق سے ملاقات کے موقع پر چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لیجی نے کہا ہے کہ رواں سال جون میں پاکستانی قومی اسمبلی نے دنیا کا پہلا "گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو گروپ” قائم کیا جسے چین خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کو قانون سازی اور نگرانی کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربے سے سیکھنا ہوگا تاکہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔ جمعہ کے روز چینی میڈیا کے مطابق اس مو قع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری تمام آزمائشوں سے پوری اتر چکی ہے اور روز بروز مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی پاک چین دوستی کو فروغ دینے کے لئے ہرطرح کی کوششیں کرنے کے لئے تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمانی اسپیکرز کی چھٹی عالمی کانفرنس جنیوا میں منعقد ہوئی۔ چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لیجی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چین کی قومی عوامی کانگریس بین الپارلیمانی یونین اور مختلف ممالک کے قانون ساز اداروں کے ساتھ تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنانے،
گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کو مشترکہ طور پر نافذ کرنے اور بنی نوع انسان کے ہم نصب معاشرے کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش مند ہے۔ چاؤ لیجی نے کانفرنس کے عام مباحثے کی صدارت کی.موجودہ کانفرنس میں 120 ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔ 31 جولائی کو اسپیکرز کی چھٹی عالمی کانفرنس کے اعلیٰ سطحی اعلامیے کو منظور کیا گیا۔