بیجنگ (نیوز ڈیسک)چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے جزائر سلیمان کے وزیر اعظم مناسح سوگاوارے سے ملاقات کی ۔
پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور بحرالکاہل کے جزائر ممالک دونوں ترقی پذیر ممالک ہیں اور انہیں جنوب جنوب تعاون کے ڈھانچے کے تحت ایک دوسرے کی مدد کرنا ہوگی۔ بحرالکاہل کے جزائر ممالک کے لئے چین کی پالیسی احترام پر مبنی چار اصولوں پر قائم ہے۔ پہلا، جزائر ممالک کی خودمختاری اور آزادی کا مکمل احترام ہے۔ دوسرا، جزائر ممالک کی خواہشات کا مکمل احترام اور مشترکہ مشاورت، تعمیر، اشتراک اور جیت پر قائم رہنا ہے۔
تیسرا یہ کہ جزائر ممالک کی ثقافتی روایات کا مکمل احترام کرنا اور اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے یکسانیت اور ہم آہنگی پر قائم رہنا ہے۔ اور احترام کا چوتھا اصول جزائر ممالک کے اتحاد اور خودانحصاری کا مکمل احترام اور بلیو پیسفک 2050 حکمت عملی پر عمل درآمد میں جزائر ممالک کی حمایت کرنا ہے تاکہ ایک پرامن، ہم آہنگ، محفوظ، جامع اور خوشحال بحر الکاہل کی تعمیر میں چین اپنا کردار ادا کر سکے۔
فریقین نے مشترکہ اعلان کیا کہ چین اور جزائر سلیمان نے باضابطہ طور پر نئے دور میں باہمی احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔









