ملک میں جاری چینی بحران کے پیش نظر حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شوگر ملز کے تمام ذخائر کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر اہلکاروں کو شوگر ملوں کے گوداموں میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ چینی کی سپلائی پر کڑی نگرانی رکھی جا سکے۔
وزارت قومی غذائی تحفظ کے ذرائع کے مطابق، 18 شوگر ملز کے مالکان اور دیگر متعلقہ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیے گئے ہیں اور چند روز میں ان افراد کی فہرست باضابطہ جاری کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی حکومتی تحویل میں آ چکی ہے۔ یہ قدم چینی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ عام صارف کو ریلیف دیا جا سکے۔
حکومت نے شوگر ملز کے گوداموں میں موجود اسٹاک پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی نافذ کر دیا ہے تاکہ ہر بوری کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گھی ملز میں بھی ایف بی آر اہلکاروں کو اسی طرح کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا تھا تاکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری پر قابو پایا جا سکے۔









