بیجنگ (نیوزڈیسک) چین کے مرکزی بنک پیپلز بینک آف چائنا کے نائب گورنر لیو گو چھیانگ نے کہا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین کے مالیاتی اعداد و شمار میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مجموعی طور پر میکرو معیشت میں بحالی کا اچھا رجحان دیکھا گیا ہے۔
سال کی پہلی ششماہی میں بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری کے لیے مالیاتی سہارے کا کردار جاری رہا ۔ جون کے اختتام پر بنیادی ڈھانچے کے لیے درمیانے اور طویل مدتی قرضوں کی مالیت میں سال بہ سال 15.8 فیصد اضافہ ہوا، جس سے بڑے منصوبوں کی تعمیر کو بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے۔
رہائشیوں کے قرضوں میں معقول اضافہ ہوا اور لاگت میں مسلسل کمی واقع ہوئی ، جس سے کھپت کی بحالی میں مدد ملی ہے۔ قلیل مدتی ذاتی قرضوں میں 300.9 ارب یوآن کا اضافہ ہوا جو سال بہ سال 401.9 ارب یوآن کا اضافہ ہے۔ رہائشیوں کی بڑی کھپت کی مانگ جاری رہی، آن لائن کھپت تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور خدمات کی کھپت کی بحالی جاری ہے.
سال کی پہلی ششماہی میں نجی اور چھوٹے کاروباری اداروں اور مینوفیکچرنگ جیسے کلیدی شعبوں کے لئے مالیاتی حمایت کو مضبوط بنایا گیا۔ جون کے اختتام تک چھوٹے قرضوں کے حجم میں سال بہ سال 26.1 فیصد اضافہ ہوا۔ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لیے درمیانے اور طویل مدتی قرضوں کی مالیت میں سال بہ سال 40.3 فیصد اضافہ ہوا۔
چینی مرکزی بنک کے نائب گورنر لیو گو چھیانگ نے کہا کہ طویل مدتی رجحان کے حوالےسے دیکھا جائے تو مجموعی طور پر معیشت اعلی معیار کی ترقی کی طرف تبدیل ہو رہی ہے۔ سائنسی اور تکنیکی تخلیقات کی رفتار کو مسلسل مضبوط کیا گیا ہے اور سبز تبدیلی کو مسلسل ترقی دی جا رہی ہے۔