کراچی میں سرکاری ملازم پر تشدد کے کیس میں گرفتار چنیسر ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی اور ان کے دو ساتھیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ مقدمے کے مدعی سہیل نے باقاعدہ طور پر اپنی شکایت واپس لے لی، جس کے بعد زیر حراست ملزمان کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انسدادِ دہشت گردی کی منتظم عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل وقار عالم عباسی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مدعی نے تحریری درخواست تفتیشی افسر کے پاس جمع کروا دی ہے۔ اس بنیاد پر عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کو تھانے سے رہا کیا جا چکا ہے اور اب انہیں عدالت میں پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔
عدالت میں مزید بتایا گیا کہ تفتیشی افسر صرف رہائی کی رپورٹ جمع کرائیں گے۔ واضح رہے کہ مذکورہ کیس میں فرحان غنی اور دیگر کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور عدالت نے اس سے قبل 30 اگست تک جسمانی ریمانڈ بھی منظور کیا تھا۔









