اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے طرز عمل میں لچک کا مظاہرہ کریں اور حکومتی وفد سے ہونے والے مذاکرات کی کامیابی کیلئے اتفاق رائے پیدا کریں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پر اعتماد کرے اور کامیاب مذاکرات کے لیے مثبت قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خلل ڈالنے کی سیاست ترک کریں اور تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔خرم دستگیر نے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے ایک ہی دن میں انتخابات کے انعقاد پر اتفاق رائے کیا ہے۔تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کی تاریخ کسی ایک جماعت کی خواہش پر طے نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے انتخابات ہی ملک میں جاری سیاسی بحران کا واحد حل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہر محاذ پر قومی مفادات کا تحفظ کرے گی۔
٭٭٭٭٭