اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے سابق وزیر شیریں مزاری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی اور جھوٹ ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کوعالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی سے پی ٹی آئی کو تکلیف ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیلیوں کی فنڈنگ پر کھڑی پی ٹی آئی قوم کو گمراہ نہیں کر سکتی ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان سفارتی استثنیٰ کی پناہ لیکر جاتے تھے اور سفارت خانہ میں چھپ جاتے تھے۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان کے وژن کا علم ہونے کے بعد غیر ملکی حکمران اور سفارتکار ان سے ملنا پسند نہیں کرتے تھے۔سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مختصر مدت میں پاکستان کی ساکھ بحال کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شیری مزاری کو چاہیئے کہ بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کی بجائے اپنے لیڈر کی جہالت پر ماتم کرے ۔
انہوںنے کہاکہ عالمی دنیا وزیر خارجہ بلاول بھٹوکی بصیرت کا اعتراف کرتی ہے ۔ سینیٹرپلوشہ خان نے کہاکہ عمران نیازی کی عزت یہ تھی کہ ایک حکمران نے اپنے جہاز سے دھکے دیکر اتار دیا تھا۔