کراچی:
پاکستان بحریہ کے جنگی بیڑے میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس چوتھا آف شور پیٹرول ویسل پی این ایس یمامہ شامل کر لیا گیا، جو رومانیہ کے دامن شپ یارڈ میں تیار کیا گیا۔
یہ جہاز جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، اور مؤثر ہتھیاروں و سینسرز سے آراستہ ہے، جو اسے سمندری خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت دیتا ہے۔
جناح نیول بیس اورماڑہ میں منعقدہ تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے جہاز کی شمولیت کو علاقائی امن، سمندری سلامتی، اور پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ قرار دیا۔
ایڈمرل نے کہا کہ بحر ہند کی حساس جیو اسٹریٹیجک صورتحال میں جدید بحری قوت ناگزیر ہے۔ انہوں نے دامن شپ یارڈ اور اس منصوبے سے وابستہ ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
پی این ایس یمامہ کی شمولیت سے CPEC اور دیگر قومی بحری منصوبوں کے تحفظ کو مزید تقویت ملے گی۔