اسلام آباد (شوبز ڈیسک)قومی ایئر لائن کی پروازوں میں مسلسل تاخیر پرعام شہریوں کے ساتھ ساتھ فنکاروں کو بھی متاثر کرنے لگی۔
پاکستانی اداکارہ سبین فاروق کے بعد عائشہ عمر نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے تجربے سے آگاہ کر دیا۔انسٹا گرام پر سبین فاروق نے سٹوری شیئر کرتے ہوئے قومی ایئر لائن میں نوجوانوں کو بھرتی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اداکارہ نے انسٹااسٹوری میں لکھا ہے کہ ان کی پرواز کو 16 گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور شکایت کرنے پر پی آئی اے کے ملازمین کی جانب سے تلخ رویہ بھی برداشت کرنا پڑا۔اداکارہ نے اس کے ساتھ ہی نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں کے مواقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔
سبین فاروق کے بعد عائشہ عمر نے بھی ان کی تائید کی اور انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ بالکل میں اس وقت لاہور ایئر پورٹ پر پھنسی ہوئی ہوں، میری فلائٹ بھی مسلسل ایک ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہو رہی ہے اور کوئی درست معلومات فراہم نہیں کر رہا۔