چاول گھی دودھ

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے آفٹرشاکس،چاول گھی دودھ سب مہنگا

لاہور(کامرس ڈیسک )لاہور میں مہنگائی اور گراں فروشی کم نہ ہوسکی اورپیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آفٹرساکش سے کم آمدنی والا طبقہ شدیدپریشانی کاشکارہے۔چاول ،گھی ،دالیں ،گوشت ،دودھ ،دہی سب مہنگے ہوگئے ۔ چاول 320 سے 640 روپے کلو میں فروخت ہورہاہے جبکہ گھی اورکوکنگ آئل 490 سے 610 روپے کلو میں فروخت ہورہاہے۔ علاوہ ازیں مرغی کا گوشت، انڈے اور دیگر اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 490 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہی گوشت 520 سے 530 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح برائلر مرغی بھی سرکاری نرخ سے 25 سے 30 روپے فی کلو زائد قیمت پر فروخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب چھوٹا گوشت، جس کا سرکاری ریٹ 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، مارکیٹ میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 800 روپے ہونے کے باوجود دکاندار اسے 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔

فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 245 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 250 سے 255 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں