اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا نظام نافذ کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ تمام عملی مسائل اتفاقِ رائے سے حل کیے جائیں گے، قیمتوں کا تعین مارکیٹ کی حقیقی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کا نظا م نافذ کرنے کیلئے وفاقی وزیر پیٹرولیم کا انڈسٹری شراکت داروں سے مشاورتی اجلاس ہوا جس دوران اوگرا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، او ایم سیز ، ریفائنریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت ۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ نئے نظام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف فارمولے کے تحت ہوگا، قیمتوں کا تعین مارکیٹ کی حقیقی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، ناجائز منافع خوری،استحصال اور غیر معمولی مالی فوائد کی گنجائش کم کر رہے ہیں، مقصد عوام کو سیاسی مصلحتوں کے باعث قیمتوں کے اتار چڑھا ﺅ سے محفوظ رکھنا ہے، یہ اصلاحات حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحات کے ذریعے قیمتوں میں بتدریج حکومتی مداخلت میں کمی لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اوگرا، او سی اے سی، اومیپ، ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے نئے نظام پر تجاویز پیش کیں۔ علی پرویز نے کہا کہ صنعت اوراوگرا سےمشاورت کیساتھ روزانہ قیمتوں کے نفاذ کیلئے ایس او پیزبنا رہے ہیں، روزانہ قیمتوں کے نظام کے نفاذ کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ تمام مسائل اتفاقِ رائے سے حل کیے جائیں گے۔