اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پیشگی شرائط کے ساتھ مذاکرات نہیں شروع ہوتے،شرائط پہلے رکھ دیں تو پھر مذاکرات کا فائدہ کوئی نہیں ہوتا۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ پیشگی شرائط کے ساتھ مذاکرات نہیں شروع ہوتے،شرائط پہلے رکھ دیں تو پھر مذاکرات کا فائدہ کوئی نہیں ہوتا۔ وزیردفاع نے کہاکہ میں نے سنا ہے کہ اس نے(عمران خان ) نے اس قسم کی باتیں کی ہوئی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پھر ہمیں کوئی شوق نہیں ہے اس سے بات کرنے کا۔ انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے پہلے ہی کہا ہوا ہے کہ اس سے بات نہ کریں، پی ڈی ایم کی باقی جماعتیں بھی یہ سمجھنے ہر مجبور ہو گئی ہیں کہ یہ وقت کا ضیاع ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں بھی یہی کہہ رہا ہوں کہ مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، یہ وقت کا ضیاع ہے۔ انہوںنے کہاکہ علیحدہ علیحدہ انتخابات کرانے سے ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ،مختلف اداروں میں اس پاور اسٹرگل جاری ہے۔
انہوںنے کہاکہ کوئی عمران خان کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔ ایک سوال پر انہںنے کہاکہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مذاکرات کرنے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی مقبولیت کے خوف سے انتخابات نہ ہونے کی بات درست نہیں،مقبولیت ہمیشہ یکساں نہیں رہتی اس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کو یہ خطرہ ہے کہ ان مقبولیت کم یا ختم نہ ہو جائے۔ انہوںنے کہاکہ انتخابات ایک دن ہی ہوں گے۔









