اسلام آباد:
پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے پانی پر دباؤ ڈالنے سے متعلق بھارتی دعوے بے بنیاد ثابت ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا ڈرامہ رچایا اور دریائے جہلم میں اضافی پانی چھوڑ کر سیلاب کا تاثر دینے کی ناکام کوشش کی۔ مظفر آباد کے علاقے ڈومیل سے 22 ہزار کیوسک کا ریلا گزرا، تاہم پاکستان کی آبی سلامتی کو کوئی حقیقی خطرہ لاحق نہیں۔
ماہرین کے مطابق بھارت کے پاس مغربی دریاؤں پر پانی روکنے کی محدود صلاحیت ہے اور پاکستان کے بڑے ذخائر، خصوصاً منگلا ڈیم، ملکی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں۔
وزارتِ آبی وسائل اور واپڈا صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹس فراہم کر رہے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری بنیادوں پر نئے آبی ذخائر کی تعمیر ضروری ہے۔